حوثیوں نے اپنے لیے ناقابل برداشت راستہ کھول لیا، سعودی وزیر خارجہ
حوثی ملیشیا جب بھی خود کو مشکل صورتحال میں محسوس کرتی ہے تو تشدد کا راستہ اختیار کرتی ہے
فائل فوٹو
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گا۔
ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب حوثیوں کی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق استعمال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
سعودی وزیر خارجہ کے مطابق حوثی ملیشیا جب بھی خود کو مشکل صورتحال میں محسوس کرتی ہے تو تشدد کا راستہ اختیار کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے اپنے لیے ایسا راستہ کھول لیا ہے جس کے نتائج وہ برداشت نہیں کرسکتے۔
فیصل بن فرحان نے الزام عائد کیا کہ حوثی گروہ یمن میں موجود اپنے اندرونی مسائل کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یمنی حکومت نے حوثیوں کو ذمہ داری کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کیا، تاہم یہ گروہ یمن اور اس کے عوام کے مفادات کے بجائے اپنے محدود مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ باب المندب میں سلامتی برقرار رکھنے اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔