47 سالہ پابندیوں کے باوجود امریکا مقاصد حاصل نہ کرسکا:عراقچی

امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جنگ کی، تاہم اس کے نتیجے میں واشنگٹن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔

September 9, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کے خلاف امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن پابندیوں اور فوجی کارروائیوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے 47 سال تک ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف جنگ کی، تاہم اس کے نتیجے میں واشنگٹن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا کہ اگر امریکا پابندیوں اور جنگ کے ذریعے اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکا تو کیا اس کے پاس اب مزید پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ کوئی نیا راستہ نہیں؟

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مسلسل اقتصادی دباؤ اور فوجی اقدامات کے باوجود ایران کے خلاف امریکی پالیسی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا یہ ردعمل امریکا کی جانب سے ایران کے ہوا بازی کے شعبے اور اس سے منسلک اداروں و افراد کے خلاف 36 نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔