مریم نواز کاصوبوں سے متعلق بیان قابلِ مذمت،اپنے الفاظ واپس لیں:بیرسٹر گوہر
نئے صوبوں کے معاملے میں جلد بازی نقصان دہ ہوگی، پی ٹی آئی چیئرمین
فائل فوٹو
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے میں جلد بازی نقصان دہ ہوگی۔ عوام اسٹیٹس کو سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اور 27 ستمبر کو پُرامن مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شوقیہ مارچ نہیں ہوگا اور مارچ میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اور اپوزیشن جماعتیں بھی مارچ میں شامل ہوں گی۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق عوام جمہوری انداز میں تبدیلی اور نئے انتخابات چاہتے ہیں، جبکہ وہ سیاسی تناؤ اور تقسیم سے بیزار ہوچکے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کو صحت کا مسئلہ درپیش ہے اور چیف جسٹس سے سماعت جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
نرسنگ کالج واقعے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ پر پولیس تشدد افسوسناک ہے، متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے اور پُرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد نہیں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں۔