کراچی میں پانی کی موٹرچلاتے ہوئے عبایا اور دوپٹہ پہیے کے اندر پھنسنے سے خاتون جاں بحق
لیاری کے قریب افسوسناک واقعہ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی
فائل فوٹو
کراچی میں لیمارکیٹ کے قریب گھر میں پانی کی موٹر چلاتے ہوئے 30 سالہ خاتون عمرانہ عبایا اور دوپٹہ موٹر کے پہیے میں پھنس جانے کے باعث جاں بحق ہوگئی۔
ایس ایچ او نیپئر عارف تنولی کے مطابق واقعہ تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر پیش آیا، جہاں سیڑھیوں کے نیچے پانی کا سیکشن پمپ نصب تھا۔
عبایا پہنے عمرانہ نے موٹر چلائی تو اس کا پہیہ ان کے عبایا اور دوپٹے کو اپنی لپیٹ میں لے گیا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا جو خاتون کی مدد کرسکتا۔ واقعے کے دوران خاتون گھبراہٹ اور خوف کا بھی شکار ہوئیں۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
ایس ایچ او نیپئر نے ریسکیو حکام کی جانب سے خاتون کو کرنٹ لگنے یا عبایا موٹر سائیکل کے پہیے میں پھنسنے کے باعث گرنے کی اطلاع کی تردید کی ہے۔