روس،یوکرین مذاکرات میں سی آئی اے چیف کے فعال کردار کا امکان
ممکنہ تبدیلی کی صورت میں وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی مذاکراتی عمل میں موجودگی محدود کی جا سکتی ہے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کے کردار میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بعض یورپی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات میں سی آئی اے کے سربراہ کی شمولیت بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ تبدیلی کی صورت میں وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی مذاکراتی عمل میں موجودگی محدود کی جا سکتی ہے۔
تاہم سی آئی اے کی ترجمان لز لائنس نے اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر مجوزہ تبدیلی نافذ ہوتی ہے تو جان ریٹکلف روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی سفارتی کوششوں میں زیادہ نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
فی الحال امریکی حکومت کی جانب سے مذاکراتی عمل میں کسی باضابطہ تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔