وزیراعظم سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم نے پولیو، صحت، غذائیت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں تعاون سراہا
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز، پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے، جبکہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیش لیس اکانومی پاکستان کی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مستحق خواتین کو اپنی مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔
وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔