حوثیوں کی باب المندب کے اطراف پیش قدمی، ساحلی شہر موخا پر قبضہ کرلیا

حوثی جنگجو باب المندب کے قریب مزید علاقوں میں بھی پیش قدمی کر رہے ہیں ، یمنی فوجی ذرائع

September 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

خبر ایجنسی کے مطابق موخا پر قبضے کے بعد حوثیوں کا باب المندب کے اہم بحری راستے پر کنٹرول بڑھنے کا خدشہ ہے، خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی فوجی ذرائع نے حوثیوں کے موخا پر قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی جنگجو باب المندب کے قریب مزید علاقوں میں بھی پیش قدمی کر رہے ہیں اور اہم جزائر حَنیش پر حملوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب حوثی ترجمان محمد عبدالسلام نے عالمی بحری تجارت کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت محفوظ اور بلا تعطل جاری ہے۔

محمد عبدالسلام کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی موجودہ فوجی کارروائیاں مخصوص اہداف تک محدود اور دفاعی نوعیت کی ہیں۔

موخا پر قبضے اور باب المندب کے اطراف حوثیوں کی پیش قدمی سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے خدشات بڑھ گئے ہیں، کیونکہ باب المندب بحیرۂ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والا انتہائی اہم عالمی بحری راستہ ہے۔