یوکرین میں روسی ڈرون حملہ،5 افراد ہلاک اور 67 زخمی

روسی ڈرون نے ڈنیپروپیٹرووسک کے علاقے میں واقع شاپنگ سینٹر کو دن کے وقت نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت شہر میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں

September 11, 2026 · بام دنیا
فوٹو گوگل

فوٹو گوگل

 کیف: یوکرین کے شہر پاولوہراڈ میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے، جبکہ حملے سے شاپنگ سینٹر، دکانوں اور متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون نے ڈنیپروپیٹرووسک کے علاقے میں واقع شاپنگ سینٹر کو دن کے وقت نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت شہر میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں اور سڑکوں پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں، جبکہ متاثرہ علاقے میں آگ بجھانے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

یوکرینی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے زاپوریژیا اور سومی میں بھی دو شاپنگ سینٹرز روسی فضائی حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔

دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی شب سیاحتی شہر سوچی کو یوکرینی سمندری ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 28 افراد زخمی ہوئے۔ روسی حکام کے مطابق یوکرینی حملوں میں مزید 3 افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ساڑھے چار سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔

امریکی نمائندوں نے حالیہ دنوں میں ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور کیف میں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقاتیں کی ہیں، تاہم امن مذاکرات میں تاحال کوئی بڑا عملی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔

یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کی جانب سے جاری تصاویر میں پاولوہراڈ کی ایک سڑک پر جلتی ہوئی گاڑیوں سے اٹھنے والے دھویں کے درمیان فائر فائٹرز کو امدادی کارروائیوں میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔ ن