سعودی عرب کو حوثی حملوں کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے، عبدالعزیز الوصل
ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
فائل فوٹو
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالعزیز الوصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو حوثی حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی مندوب نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملے کسی ایک واقعے تک محدود نہیں بلکہ ایک منظم سلسلے کا حصہ ہیں۔
عبدالعزیز الوصل نے کہا کہ حوثی گروہ 2014 سے یمن میں حکومت کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہے اور اس کی کارروائیوں میں شہریوں، معاشی تنصیبات اور دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنانا شامل رہا ہے۔
سعودی مندوب کے مطابق حوثیوں کی سرگرمیوں کا دائرہ یمن سے نکل کر سعودی عرب، اس کے شہریوں اور مقیم افراد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ سعودی وسائل کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار بحری جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحری جہازوں کو نشانہ بنانا، عملے کو دھمکیاں دینا اور آزادانہ بحری آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنا خطے اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔