پی ٹی آئی وفدکی فضل الرحمن سے ملاقات۔مشترکہ اپوزیشن اور احتجاجی تحریک پرمشاورت

صوبوں کےمعاملے پر اے پی سی بلانے کافیصلہ،قومی معاملات پرتمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے:گوہر

September 11, 2026 · قومی

فائل فوٹو

تحریک انصاف کے وفد نے آج مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک اور مشترکہ اپوزیشن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل تھے۔ مولانا فضل الرحمن اور دیگر رہنماؤں نے وفد کا استقبال کیا، جس کے بعد ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے جوائنٹ اپوزیشن پر بات ہوئی تھی اور سینیٹ و قومی اسمبلی میں جوائنٹ اپوزیشن پر اتفاق ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے آج پہلی میٹنگ ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے۔ جوائنٹ اپوزیشن پلیٹ فارم سے اسمبلی اجلاس سمیت قیدیوں کے معاملے پر متفقہ مشاورت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی پہلی ملاقات خوش آئند رہی اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مشاورتی اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس پر بات چیت ہوئی، جبکہ ملک میں صوبوں کے قیام سمیت مختلف معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی سمیت دہشت گردی اور مسائل پر بات ہوگی۔ ملک جن مسائل میں گھرا ہے، اس میں کوشش ہوگی کہ کچھ کردار ادا کریں۔