ایران کا خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کا اعلان

ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اسماعیل بقائی

September 11, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایران کا کہنا ہے کہ وہ سوموار کے مسقط میں ہونے والے خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے، جو خطے سے باہر کے عناصر کی ’تباہ کن مداخلتوں‘ سے دور رہتے ہوئے حاصل کی جا سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کے لیے محفوظ بحری راستوں کے تعین سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ایران کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری راستوں کے نقشے پر عمان کے ساتھ ایک مفاہمت تک پہنچ چکا ہے اور اس سلسلے میں ایک مشترکہ اعلامیے پر مذاکرات جاری ہیں۔

ایران کے مطابق امریکہ کی مداخلت اور بحری ناکہ بندی کے باعث اس مشترکہ اعلامیے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر ہوئی ہے۔