ایران کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: امریکی وزیر دفاع
گزشتہ چھ ماہ کے دوران امریکی افواج نے ایران کے خلاف اہم فوجی کارروائیاں کی ہیں۔ فضائی طاقت، بحریہ اور دفاعی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
فائل فوٹو
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
پینٹاگون میں 11 ستمبر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو امریکا کے خلاف طویل عرصے سے سرگرم ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیا۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران امریکی افواج نے ایران کے خلاف اہم فوجی کارروائیاں کی ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی قیادت، فضائی طاقت، بحریہ اور دفاعی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر فوجی اور اقتصادی دباؤ برقرار رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران کے تیل بردار جہازوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ امریکا آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف امریکی دباؤ اور فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک واشنگٹن اپنے مقرر کردہ مقاصد حاصل نہیں کر لیتا۔