سعودی عرب حملے کے بعد ایران عراق سرحد پر اہم گزرگاہ بند
شلمچہ عراق اور ایران کے درمیان مسافروں اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔
فائل فوٹو
عراق نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملے کے بعد ایران کے ساتھ شلمچہ سرحدی گزرگاہ کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عراق نے ایران سے ملحق شلمچہ بارڈر کراسنگ کی بندش کے احکامات جاری کیے ہیں۔ عراقی سکیورٹی حکام کے مطابق یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب کی مشرق سے مغرب جانے والی تیل پائپ لائن کو عراق کی حدود سے ڈرون کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
شلمچہ عراق اور ایران کے درمیان آمدورفت کے اہم زمینی راستوں میں شمار ہوتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مسافروں اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں حملے کے لیے استعمال ہونے والا ڈرون عراق کے جنوب مشرقی صوبے میسان سے اڑایا گیا تھا۔ میسان کی سرحد ایران کے ساتھ ملتی ہے جبکہ صوبے کا انتظامی مرکز العماره شہر ہے۔
عراقی حکام کی جانب سے سرحدی گزرگاہ کی بندش کے فیصلے کو موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ایک احتیاطی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔