سعودی وزیر خارجہ کے ترکیہ اور قطر سے اہم رابطے

دونوں رہنماؤں نے علاقائی تناؤ کم کرنے اور امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

September 12, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سعودی عرب میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملے کے بعد خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ترکیہ اور قطر کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق فیصل بن فرحان نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی تناؤ کم کرنے اور امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے قطر کے وزیراعظم سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس موقع پر قطری وزیراعظم نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب حملے کے بعد عراق میں بھی اہم انتظامی کارروائی سامنے آئی ہے۔ عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدے سے برطرف کردیا۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر حملہ عراق سے کیے گئے ڈرونز کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ عراقی وزیراعظم کی درخواست پر فی الحال جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔