ریڈیو پاکستان کیس، پولیس رپورٹ میں سہیل آفریدی کا نام شامل

آئندہ سماعت پر دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی رپورٹس اور فرانزک شواہد کی روشنی میں فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت میں تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی۔

ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت پشاور میں کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے پولیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کیس میں ملوث ہونے کا پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس بھی عدالت میں پیش کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سماعت پر دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی رپورٹس اور فرانزک شواہد کی روشنی میں فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔

رپورٹ عدالت میں جمع کرانے میں تاخیر بھی ہوئی، تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت کے بعد اسے عدالت میں پیش کردیا گیا۔

عدالت نے پولیس رپورٹ پر فریقین کے دلائل سننے کے لیے کیس کی سماعت 14 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی۔