پنوعاقل: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا بس اڈے پر قتل
لڑکی کا باپ اور کزن گرفتار ،آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا
فائل فوٹو
پنو عاقل بس اسٹینڈ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پسند کی شادی کرنے والے لڑکا اور لڑکی جاں بحق ہو گئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سکھر احمد چوہدری کے مطابق مقتول لڑکے اور لڑکی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور وہ لاہور جانے کے لیے کوچ میں سوار ہو رہے تھے۔ اسی اثنا میں مسلح افراد نے دونوں کو کوچ سے نیچے اتارا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ایس ایس پی سکھر نے مزید بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث لڑکی کے والد اور کزن کو زیر حراست لے لیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید قانونی اور تفتیشی کارروائی جاری ہے۔