عمان کا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر ملتوی کیا گیا، اسماعیل بقائی

اجلاس میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمد و رفت کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا جانا تھا۔

September 14, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ آج عمان میں ہونے والا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر ملتوی کیا گیا۔

ایران اور خلیج فارس کے7 ممالک کے وزرائے خارجہ کو عمان کے شہر صلالہ میں جمع ہونا تھا، جہاں آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمد و رفت کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا جانا تھا۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ ایک موقع تھا جو ایران اور عمان نے فراہم کیا تھا اور توقع تھی کہ خطے کے ممالک اس موقع کی اہمیت کو سمجھیں گے اور اس کی قدر کریں گے۔

نہوں نے کہا کہ ہمارے تمام جائز تحفظات کے باوجود یہ ایک مناسب موقع تھا کہ یہ ممالک بیرونی فریقوں کی مداخلت سے دور رہتے ہوئے آپس میں بات چیت کرتے۔

بقائی نے کہا کہ میرے خیال میں کوئی بھی ذمہ دار فریق یہ تسلیم نہیں کرے گا کہ کسی بھی وجہ سے، خواہ خطے سے باہر کے فریقوں کے اثر و رسوخ کے باعث یا ایسے بہانوں کی بنا پر جن کا ایران سے واقعی کوئی تعلق نہیں، اس اجلاس کا انعقاد نہ کیا جائے۔

اس اجلاس کے انعقاد کے لیے تا حال کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، اجلاس کی منسوخی کا اعلان عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کیا تھا۔