کانگو میں ہولناک آگ، 300 گھر اور 2 اسکول جل گئے، 29 طلبا ہلاک

واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و افسوس کی فضا قائم ہوگئی، جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی جدائی پر غم سے نڈھال ہیں۔

September 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوفو

فائل فوفو

 مشرقی کانگو کے شہر بوکاوو میں شدید آتشزدگی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں دو اسکولوں سمیت تقریباً 300 گھر جل کر خاکستر ہوگئے، جبکہ 29 طلبا جان کی بازی ہار گئے۔

مقامی حکام کے مطابق آگ ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اتنی شدت اختیار کرگئی کہ قریبی گھروں اور دو اسکولوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے باوجود کئی مکانات اور دیگر املاک تباہ ہوگئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے 29 طلبا میں 19 لڑکیاں اور 10 لڑکے شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و افسوس کی فضا قائم ہوگئی، جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی جدائی پر غم سے نڈھال ہیں۔

جاں بحق ہونے والے بچوں کی تدفین کردی گئی، جس کے دوران پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا رہا۔ مقامی حکام نے آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔