امریکا کا حوثیوں سے براہ راست رابطہ ہے، جے ڈی وینس نے تصدیق کردی
امریکی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے گی اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ امریکا کے مفادات محفوظ رہیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن یمن اور خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور حوثیوں کے ساتھ براہ راست رابطہ بھی جاری ہے۔
امریکی ریاست کنساس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس سے بحیرہ احمر میں واقع بریم جزیرے پر حوثیوں کے کنٹرول سے متعلق سوال کیا گیا۔ اس پر امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا خطے کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق امریکی انتظامیہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خطے میں موجود دیگر متاثرہ فریقین کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہا ہے۔
امریکی نائب صدر نے مزید بتایا کہ امریکا حوثیوں سے بھی براہ راست بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے گی اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ امریکا کے مفادات محفوظ رہیں۔