بلوچستان میں ایمرجنسی سروس جدید بنانے کا فیصلہ، 9 نئی ایمبولینسز شامل
حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بلوچستان میں ہنگامی طبی خدمات کو مزید بہتر اور جدید بنانے کے لیے میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کے نظام میں 9 نئی جدید ایمبولینسز شامل کردی گئی ہیں۔
صوبائی حکومت کے مطابق نئی ایمبولینسز جدید طبی سہولیات سے لیس ہیں اور انہیں حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کے ذریعے صوبے میں موجود ایمبولینسز کی ڈیجیٹل نگرانی اور مؤثر ٹریکنگ ممکن ہوگی۔ اس نظام کا مقصد حادثات میں متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ انہیں قریبی طبی مراکز تک جلد منتقل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر کی تمام ایمبولینسز کو مرحلہ وار میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی ہنگامی طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بخت محمد کاکڑ کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام سے ایمبولینس سروس کی نگرانی، شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی جبکہ ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
حکام نے 1122 کے نظام میں نئی ایمبولینسز کی شمولیت کو بلوچستان کے شعبہ صحت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔