41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان
زندگی کے لیے انسان بہت سے منصوبے بناتا ہے، تاہم حالات ہمیشہ اپنی مرضی سے نہیں چلتے۔اداکارہ
فائل فوٹو
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کا انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا اور اس مرحلے نے ان کی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی پیدا کردی ہے۔
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا اب بڑا ہوچکا ہے اور وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی، سفر اور روزمرہ معمولات میں ایک خاص توازن کے ساتھ آگے بڑھ رہی تھیں۔ ایسے میں طویل عرصے بعد دوبارہ ماں بننے کا تجربہ ان کے لیے ایک بالکل نیا سفر ثابت ہوا۔
اداکارہ کے مطابق زندگی کے لیے انسان بہت سے منصوبے بناتا ہے، تاہم حالات ہمیشہ اپنی مرضی سے نہیں چلتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی منصوبہ بندی انسان کی سوچ سے بہتر ہوتی ہے اور اس تجربے نے انہیں ہر چیز اپنے قابو میں رکھنے کے بجائے زندگی کو قبول کرنا سکھایا۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب 41 برس کی عمر میں حمل کا سفر جسمانی طور پر زیادہ مشکل محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض دن وہ اتنا کام نہیں کر پاتیں جتنا وہ ذہنی طور پر کرنا چاہتی ہیں۔
کینیڈا میں ہونے والی تقریب کے لیے اداکارہ نے سیاہ رنگ کا فگر ہگنگ گاؤن زیب تن کیا، جس کے ساتھ ہلکی پھلکی جیولری پہنی۔ اس موقع پر ان کا بے بی بمپ بھی نمایاں نظر آیا۔
تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ماہرہ خان کے لباس اور انداز کو بھی خاص توجہ ملی۔ بعض صارفین نے ان کے سیاہ لباس کا موازنہ بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے حمل کے دوران اپنائے گئے سیاہ لباس سے کیا۔