شرائط پوری ہونے تک امریکا سے کوئی بات چیت نہیں، ایران

کسی بھی نئی بات چیت کے لیے پہلے طے شدہ مفاہمتی معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔

September 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنی شرائط پوری ہونے تک امریکا کے ساتھ کسی نئے مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔

محسن رضائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام امریکی صدر کے بیانات سے گمراہ نہ ہوں۔ ان کے مطابق جب تک ایران کی جانب سے رکھی گئی شرائط پوری نہیں ہوتیں، امریکا کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بے چین ہے۔ ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایران کو ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران جلد معاہدے کے لیے بے چین ہوگا۔

محسن رضائی نے امریکی صدر کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکرات کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر چکا ہے اور معاہدے کی شرائط پوری ہونے سے قبل امریکا کے ساتھ بات چیت نہیں کی جائے گی۔

ایرانی حکام گزشتہ کئی روز سے مختلف بیانات میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے یہی مؤقف دہرا رہے ہیں۔ تہران کا کہنا ہے کہ کسی بھی نئی بات چیت کے لیے پہلے طے شدہ مفاہمتی معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی امریکا سے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں دوبارہ شامل ہونے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا معاہدے میں واپس آتا ہے تو ایران بھی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے۔