نادرا کا خواتین کیلئے بڑی تعداد میں بھرتیوں کا اعلان

امیدواروں کے لیے واک اِن ٹیسٹ اور انٹرویوز سرگودھا میں منعقد ہوں گے، جن کا سلسلہ 29 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گا۔

September 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے پنجاب کے 8 اضلاع کی خواتین کے لیے جونیئر ایگزیکٹو ڈیٹا انٹری آپریٹر کی آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔ امیدواروں کے لیے واک اِن ٹیسٹ اور انٹرویوز سرگودھا میں منعقد ہوں گے، جن کا سلسلہ 29 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گا۔

نادرا کے مطابق بھرتیاں فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر کے لیے کی جارہی ہیں۔ صرف وہ خواتین امیدوار درخواست دے سکیں گی جن کے شناختی کارڈ یا ڈومیسائل پر متعلقہ ضلع کا پتہ درج ہو۔

آسامیوں کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا مساوی مقرر کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدوار کی عمر زیادہ سے زیادہ 25 سال ہونی چاہیے، جس میں عمومی طور پر 5 سال کی عمر میں رعایت شامل ہے اور اس کے علاوہ مزید عمر کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

نادرا نے اقلیتی برادری اور معذور خواتین کو بھی بھرتی کے عمل میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی ہے۔ ضلع وار تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے لیے 3، چنیوٹ 2، جھنگ 2، حافظ آباد 5، سرگودھا 5، میانوالی 4، خوشاب 1 اور بھکر کے لیے 4 آسامیوں مختص کی گئی ہیں۔

فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ کی امیدواروں کا ٹیسٹ 29 ستمبر جبکہ انٹرویو 30 ستمبر کو ہوگا۔ حافظ آباد اور سرگودھا کی امیدواروں کا ٹیسٹ 30 ستمبر اور انٹرویو یکم اکتوبر کو ہوگا، جبکہ میانوالی، خوشاب اور بھکر کی امیدواروں کا ٹیسٹ یکم اکتوبر اور انٹرویو 2 اکتوبر کو لیا جائے گا۔

ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن صبح ساڑھے 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی جبکہ انٹرویوز صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔ صرف ٹیسٹ میں کامیاب اور شارٹ لسٹ ہونے والی امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔

تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس، 6 گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں منعقد ہوں گے۔ امیدواروں کو ٹیسٹ کے روز اپنے اصل شناختی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات ساتھ لانا ہوں گے، جبکہ سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کے لیے این او سی پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انٹرویو کے وقت متعلقہ تعلیمی بورڈز سے تصدیق شدہ اسناد بھی پیش کرنا ہوں گی۔ منتخب امیدواروں کو بعد ازاں طبی فٹنس اور کردار کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ بھرتی کے کسی بھی مرحلے پر غلط معلومات سامنے آنے کی صورت میں امیدوار کو نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔

نادرا کے کیریئرز پورٹل کے ڈاؤن لوڈز سیکشن میں بھرتی سے متعلق مزید تفصیلات اور نمونہ ٹیسٹ دستیاب ہے۔ نادرا کے مطابق خواتین کی مقامی سطح پر بھرتی سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ خواتین شہریوں کے لیے نادرا کی سہولیات تک رسائی بھی مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔