اسحاق ڈار اور رافیل گروسی میں رابطہ، اہم امور پر گفتگو

علاقائی تناؤ میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد بہترین راستہ ہے۔

September 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ علاقائی تناؤ میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد بہترین راستہ ہے۔

رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے کی صورت میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ دونوں جانب سے خطے کی صورتحال کو بہتر بنانے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کے لیے اپنے دیرینہ عزم پر قائم ہے۔

نائب وزیراعظم نے عالمی امن اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اقوام متحدہ کے نظام کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے رافیل گروسی کی انتخابی مہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔