میر رضا قتل کیس،جوڈیشل کمیشن میں مزید دستاویزات جمع
کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں مختلف گواہان کے اضافی بیانات اور سیل شدہ روزنامچے شامل ہیں
فائل فوٹو
کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری نے جوڈیشل کمیشن کے سامنے مزید اہم دستاویزات پیش کردی ہیں۔
کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں مختلف گواہان کے اضافی بیانات اور سیل شدہ روزنامچے شامل ہیں۔ تفتیشی افسر کی جانب سے اسلحہ ڈیلر ادریس کا بیان بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فرانزک ڈویژن کے نمائندے فرہاج کے بیانات بھی جوڈیشل کمیشن میں جمع کرائے گئے ہیں، جنہیں کیس کی تحقیقات سے متعلق اہم ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر نے تھانہ فیروز آباد اور تھانہ گلستان جوہر کے 17 جولائی سے 11 اگست تک کے روزنامچے بھی سیل شدہ حالت میں کمیشن کے حوالے کردیے۔
مزید برآں ڈی ایس پی سراج لاشاری نے میر رضا کے کاروباری ساتھی احسان انیس شمسی کا بیان حلفی بھی جوڈیشل کمیشن میں جمع کرا دیا ہے۔