امریکی ریاستوں سے ناکارہ تیل کا سامان وینزویلا منتقل ہونے لگا
پرانے ٹرک، ڈرلنگ رِگز، پمپس، والو اسٹیشنز، ویلڈنگ مشینیں اور دیگر تیل کے آلات جمع کرکے وینزویلا روانہ کیے جا رہے ہیں۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکا میں استعمال کے بعد ناکارہ تیل کے شعبے کا پرانا سامان وینزویلا منتقل کیا جانے لگا ہے، جہاں طویل عرصے سے مشکلات کا شکار تیل کی صنعت کو دوبارہ فعال کرنے اور پیداوار بڑھانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستوں، جن میں ٹیکساس، اوکلاہوما اور کولوراڈو شامل ہیں، سے پرانے ٹرک، ڈرلنگ رِگز، پمپس، والو اسٹیشنز، ویلڈنگ مشینیں اور دیگر تیل کے آلات جمع کرکے وینزویلا روانہ کیے جا رہے ہیں۔
یہ سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکی کاروباری حلقے وینزویلا کی تیل صنعت میں ممکنہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ امریکی پالیسی میں تبدیلی کے بعد وینزویلا کی توانائی کی صنعت کی بحالی کے لیے تقریباً 100 ارب ڈالر کے تعمیر نو منصوبے کی بات بھی سامنے آچکی ہے۔
وینزویلا کی سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے مطابق ملک کو تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے ڈرلنگ رِگز، پمپس، والو اسٹیشنز اور دیگر ضروری مشینری کی شدید ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہیوسٹن کے قریب ہیومبل میں موجود ایک شپنگ یارڈ سے یہ سامان وینزویلا کی اہم تیل بندرگاہوں گوانتا اور ماراکائیبو منتقل کیا جا رہا ہے۔ شپنگ کمپنی کے مطابق سال کے اختتام تک اس کی ترسیلی گنجائش مکمل طور پر استعمال ہونے کی توقع ہے، جبکہ مزید دو بحری جہازوں کے لیے بھی سامان کی بکنگ ہوچکی ہے۔
گزشتہ ہفتے ورک اوور رِگز سے بھرے کنٹینرز ماراکائیبو پہنچے، جبکہ آنے والی دو کھیپوں میں 1500 ہارس پاور کے دو بڑے رِگز بھی وینزویلا بھیجے جانے کی توقع ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اب تک وینزویلا منتقل کیے جانے والے اس کے سب سے بڑے رِگز ہوں گے۔
تاہم استعمال شدہ سامان کی حالت کے حوالے سے خدشات بھی موجود ہیں۔ وینزویلا کے لیے مشینری خریدنے کے عمل میں شامل سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات اچھی حالت میں آلات مل جاتے ہیں، لیکن کچھ سامان انتہائی خراب حالت کا بھی ہوتا ہے، جس سے اس کی کارکردگی اور قابل اعتماد ہونے پر سوال اٹھتے ہیں۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے مطابق وینزویلا کے مشکل تیل پیدا کرنے والے علاقوں، بالخصوص جھیل ماراکائیبو اور وسیع اورینوکو بیلٹ میں پیداوار بڑھانے کے لیے زیادہ جدید اور طاقتور آلات کی ضرورت ہوگی۔
وینزویلا کی تیل پیداوار 1990 کی دہائی کے آخر میں یومیہ 30 لاکھ بیرل سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم طویل عرصے کی کم سرمایہ کاری، بدعنوانی اور غیر ملکی پابندیوں کے باعث پیداوار میں نمایاں کمی آئی اور اب یہ تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ رہ گئی ہے۔
امریکا سے استعمال شدہ تیل کے آلات کی بڑھتی ہوئی ترسیل کو وینزویلا کی تیل صنعت کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔