گوجرانوالہ میں معمولی جھگڑے پر 12 سالہ بچہ قتل

مقتول لقمان اقبال کا محلے میں سمیر اور ریحان نامی دو بچوں کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا

September 15, 2026 · جرم وسزا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گوجرانوالہ کے علاقے ڈیرہ شاہ جمال میں معمولی جھگڑے کے بعد 12 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اس کے ہم عمر دو بچوں نے شیشے کی بوتل کے وار کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول لقمان اقبال کا محلے میں سمیر اور ریحان نامی دو بچوں کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران دونوں بچوں نے شیشے کی بوتل توڑ کر لقمان اقبال کے پیٹ میں وار کردیا۔

شیشے کے وار سے لقمان اقبال شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا۔

مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد دونوں بچے تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔