ایران جنگ میں 18 امریکی فوجی ہلاک،417 زخمی ہوئے،امریکی انسپکٹر جنرل کی رپورٹ

جنگ کے بعد ان ذخائر کو دوبارہ مطلوبہ سطح پر لانے کے لیے امریکی دفاعی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں موجود کئی رکاوٹیں بھی سامنے آئیں۔

September 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی جانب سے کانگریس کے لیے تیار کردہ رپورٹ میں ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکی فوج کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات اور ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’آپریشن ایپک فیوری‘ کے دوران امریکی فوج نے بڑے پیمانے پر گولہ بارود استعمال کیا، جس کے باعث اس کے ذخائر متاثر ہوئے۔ جنگ کے بعد ان ذخائر کو دوبارہ مطلوبہ سطح پر لانے کے لیے امریکی دفاعی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں موجود کئی رکاوٹیں بھی سامنے آئیں۔

دستاویز کے مطابق امریکی اسلحہ سازی کی صنعت کو سالڈ راکٹ موٹروں، جدید دھماکہ خیز مواد اور پروپیلنٹس کی دستیابی سمیت ہنرمند افرادی قوت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ محکمہ دفاع کے متعلقہ حکام کے مطابق اسلحہ سازی کی پیداوار بڑھانے میں خاصا وقت لگ سکتا ہے۔

کانگریس کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے 30 جون 2026 کے دوران 11 امریکی فوجی جنگی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے، جبکہ سات اہلکار غیر جنگی واقعات میں جان سے گئے۔ اسی عرصے میں 417 امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عراق، عمان اور اردن میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر موجود سینکڑوں عمارتوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا یا وہ تباہ ہوگئیں۔

امریکی فضائیہ کے کئی طیارے بھی جنگ کے دوران تباہ یا متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق چار ایف 15 ای لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، جن میں تین اپنی ہی فورسز کی فائرنگ جبکہ ایک دشمن کی کارروائی کی زد میں آیا۔

دستاویز کے مطابق ایران کے اوپر پرواز کے دوران ایک ایف 35 اے طیارے کو دشمن کی فائرنگ سے نقصان پہنچا، جبکہ ایک اے 10 طیارہ جنگی تلاش اور امداد کے مشن سے واپسی پر پہنچنے والے نقصان کے باعث تباہ کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سات کے سی 135 ایندھن بردار طیارے بھی تباہ یا متاثر ہوئے۔ ان میں ایک عراق کی فضائی حدود میں تصادم کے نتیجے میں تباہ ہوا، ایک کو نقصان پہنچا جبکہ پانچ سعودی عرب میں ایرانی حملوں کی زد میں آئے۔

اسی طرح سعودی عرب میں ایک ای 3 فضائی نگرانی کے طیارے کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک ایچ ایچ 60 ڈبلیو ہیلی کاپٹر جنگی تلاش و امداد کی کارروائیوں کے دوران متاثر ہوا۔

دستاویز کے مطابق ایک ایم کیو 4 سی بغیر پائلٹ طیارہ گر کر تباہ ہوا، جبکہ چار اے ایچ 6 ہیلی کاپٹرز کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد امریکی فورسز نے خود تباہ کردیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک اے ایچ 64 ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز کے اوپر مار گرایا گیا، جبکہ ایک ایم ایچ 60 ہیلی کاپٹر بحیرۂ عرب میں گر کر تباہ ہوا۔ اس کے علاوہ ایران جنگ کے دوران 30 ایم کیو 9 طرز کے نگرانی اور حملہ آور ڈرونز بھی تباہ ہونے کی اطلاع دی گئی۔