سستا پیٹرول، شزا فاطمہ کا پمپس کی سخت نگرانی کا حکم
اسکیم کے لیے اہل تمام رجسٹرڈ شہریوں کو رعایت کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فائل فوٹو
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت رات گئے اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی رعایت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے شہریوں سے رجسٹریشن کے طریقہ کار اور فیول ریلیف حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں معلومات لیں۔ انہوں نے عوام کو رجسٹریشن کے درست طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔
شزا فاطمہ نے واضح کیا کہ فیول ریلیف کے لیے رجسٹریشن صرف ایک مرتبہ کرنا ضروری ہے، اسے دوبارہ دہرانے کی ضرورت نہیں۔
وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے اہل تمام رجسٹرڈ شہریوں کو رعایت کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے پیٹرول پمپس پر سستا پیٹرول فراہم کرنے میں ٹال مٹول کرنے یا رعایت دینے سے انکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت نگرانی کا حکم بھی دیا۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت عوام کو ملنے والی سہولت میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے پمپس کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔