لاہور چیمبر کا انتخابی دنگل 23 ستمبر کو سجے گا،انتخابی سرگرمیاں تیز
امیدوار مارکیٹوں کا دورہ کرکے ووٹرز سے ملاقاتیں اور اپنی حمایت میں مہم چلا رہے ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات میں اب صرف 9 روز باقی رہ گئے ہیں اور انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ لاہور کی کاروباری برادری کا اہم انتخابی معرکہ 23 ستمبر کو ہوگا۔
انتخابات کا دن قریب آتے ہی مختلف گروپوں اور انتخابی اتحادوں کی جانب سے تاجروں سے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ امیدوار مارکیٹوں کا دورہ کرکے ووٹرز سے ملاقاتیں اور اپنی حمایت میں مہم چلا رہے ہیں۔
پی پی بی اے الائنس کی انتخابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار سفیر بشیر نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقاتیں کرکے انہیں اپنے انتخابی منشور اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر باؤ بشیر، شیراز بشیر اور حسیب بشیر بھی سفیر بشیر کے ہمراہ موجود تھے۔ امیدوار نے تاجروں سے ملاقاتوں کے دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور لاہور چیمبر کے آئندہ کردار سے متعلق اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب سابق رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان نے بھی سفیر بشیر سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات، لاہور چیمبر کے کردار اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انتخابات میں وقت کم رہ جانے کے باعث امیدواروں اور مختلف اتحادوں کی رابطہ مہم مزید تیز ہونے کا امکان ہے، جبکہ تاجر برادری کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ملاقاتوں اور کارنر میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔