کولمبیا میں 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے
زلزلے کا مرکز ابتدائی طور پر 4.43 ڈگری شمالی عرض البلد اور 76.74 ڈگری مغربی طول البلد پر بتایا گیا ہے۔
فائل فوٹو
کولمبیا میں 5.2 شدت کے زلزلے نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا، زلزلے کے جھٹکے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے بتایا کہ زلزلہ منگل کی صبح آیا، جس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ابتدائی طور پر 4.43 ڈگری شمالی عرض البلد اور 76.74 ڈگری مغربی طول البلد پر بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کولمبیا شدید زلزلے سے متاثر ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی تھی۔ اس وقت 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد تقریباً 100 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے تھے۔
شدید زلزلے کے باعث رہائشی عمارتوں، گھروں، اسکولوں اور طبی مراکز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔ کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ متعدد عمارتیں جھکنے کے بعد منہدم بھی ہوگئی تھیں۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں نے رات بھر بھاری مشینری اور کرینوں کی مدد سے ملبہ ہٹایا، جبکہ بعض مقامات پر امدادی کارکنوں نے ہاتھوں سے ملبہ صاف کرکے زندہ افراد کی تلاش جاری رکھی تھی۔