کراچی: سفاری پارک کی مدھوبالا انفیکشن کے باعث بیمار ہوگئی

ہتھنی ایک روز اچانک زمین پر گر گئی جسے اٹھانے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔دائیں پچھلی ران پر سوجن ہے، استعمال کرنے میں دشواری

September 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی کے سفاری پارک کی ہتھنی مدھوبالا ممکنہ انفیکشن کے باعث بیمار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ہتھنی ایک روز اچانک زمین پر گر گئی جسے اٹھانے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔

سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق مدھوبالا کی دائیں پچھلی ران پر سوجن ہے جس کے باعث وہ دائیں پچھلی ٹانگ استعمال نہیں کرپارہی، مدھوبالا کے پاؤں میں ماضی میں بھی انفیکشن اور پھوڑے کا مسئلہ سامنے آچکا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں مدھوبالا کو کیلشیم کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش تھا تاہم اب کیلشیم کی کمی بہتر ہوگئی ہے، ہتھنی کے کچھ طبی ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں۔

ویٹرنری ماہر کے مطابق مدھوبالا کو دی جانے والی ادویات میں اینٹی بایوٹک شامل ہے جو ممکنہ بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر دی جارہی ہے، بیماری کی حتمی وجہ جاننے کے لیے مزید طبی معائنہ ضروری ہے۔

ویٹرنری ماہرکے مطابق طویل عرصے تک سخت فرش پر رہنا ہاتھیوں میں پاؤں کے مسائل کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔

دوسری جانب کے ایم سی کے ترجمان نے مدھوبالا کی موجودہ صحت کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

مدھوبالا کو نومبر 2024 میں کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا جہاں اسے سونیا اور ملکہ کے پاس رکھا گیا، تاہم منتقلی کے تقریباً ایک ماہ بعد ہتھنی سونیا ہلاک ہوگئی تھی۔