چین میں 500 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی میں ریسکیو روبوٹ کا کامیاب تجربہ

چار ٹانگوں والے اس روبوٹ کو شدید درجہ حرارت سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی حفاظتی لباس سے لیس کیا گیا ہے۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چین نے انتہائی شدید گرمی اور آگ میں داخل ہوکر پھنسے ہوئے افراد کی مدد کرنے والے جدید فائر فائٹنگ روبوٹ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

چینی روبوٹ ’ٹیان لینگ‘ نے ایک عملی تربیتی مشق کے دوران تقریباً 500 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدت والی آگ میں داخل ہوکر اپنا کام مکمل کیا۔ چار ٹانگوں والے اس روبوٹ کو شدید درجہ حرارت سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی حفاظتی لباس سے لیس کیا گیا ہے۔

روبوٹ ایک مرتبہ میں تقریباً 2 منٹ تک آگ کے اندر رہ کر کارروائی کرسکتا ہے۔ اسے اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ یہ آگ کے مرکز تک پہنچنے کے علاوہ زہریلی گیسوں کی موجودگی کا بھی پتا لگا سکے۔

اس ٹیکنالوجی کی مدد سے خطرناک مقامات پر پھنسے افراد کی نشاندہی کرکے انہیں ریسکیو کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے، جس سے انسانی فائر فائٹرز کو براہ راست شدید خطرے میں جانے سے پہلے صورتحال کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

روبوٹ تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق مستقبل میں ٹیان لینگ کو فائر فائٹرز کے آگ سے متاثرہ علاقے میں داخل ہونے سے پہلے وہاں کے درجہ حرارت، آگ کی شدت اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کی روبوٹک ٹیکنالوجی خطرناک آگ، زہریلی گیسوں اور دیگر ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔