فلسطین کے حق میں بیان، میکل مور ایڈ شیرن کے امریکی ٹور سے الگ

فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرہ لگایا اور غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فلسطین کے حق میں بیان، میکل مور ایڈ شیرن کے امریکی ٹور سے الگ

فلسطین کے حق میں بیان، میکل مور ایڈ شیرن کے امریکی ٹور سے الگ

نیویارک: امریکی ریپر میکل مور کو فلسطین کے حق میں بیانات دینے کے بعد برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے امریکی لوپ ٹور کی باقی ماندہ تاریخوں سے الگ کردیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق میکل مور نے 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرہ لگایا اور غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس کے بعد اسرائیل-امریکی کونسل کی جانب سے میکل مور کو ٹور سے ہٹانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا، جبکہ ٹور کے منتظمین کے مطابق امریکا میں آئندہ کنسرٹس کے بعض مقامات کے مالکان نے واضح کیا کہ وہ میکل مور کی موجودگی میں پروگرام کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایڈ شیرن نے بعد ازاں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میکل مور کو ٹور سے الگ کرنے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ ٹور کے منتظم اور متعلقہ مقامات کا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے معاملے کے حل کے لیے مختلف فریقوں کے درمیان بات چیت کی کوشش کی، تاہم مقامات اور منتظم کا فیصلہ حتمی رہا۔

میکل مور طویل عرصے سے فلسطینیوں کے حقوق کے حوالے سے اپنی حمایت کا اظہار کرتے رہے ہیں اور غزہ کی جنگ سے متعلق اپنے مؤقف کے باعث بھی خبروں میں رہے ہیں۔