ہنگری میں تیز ترین قبر کھودنے کا منفرد مقابلہ، فاتح کون رہا؟

فاتح ٹیم کی تیار کردہ قبر تقریباً 1.6 میٹر گہری، 2 میٹر لمبی اور 0.8 میٹر چوڑی تھی۔ مقابلہ جیتنے والی ٹیم کو 640 امریکی ڈالر کا انعام دیا گیا۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

یورپی ملک ہنگری میں قبریں کھودنے کا ایک منفرد مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں 38 افراد نے حصہ لیا اور مقررہ وقت میں معیاری قبر تیار کرنے کی کوشش کی۔

یہ مقابلہ ہنگری کے علاقے نیئرگیش اوئی فالو (Nyergesújfalu) کے ایک قبرستان میں ہوا، جہاں شرکا کو 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔ ہر ٹیم میں دو افراد شامل تھے۔

منتظمین کے مطابق مقابلے کا مقصد موت اور تدفین سے متعلق توہمات کو کم کرنا، قبرستان سے وابستہ پیشہ ور افراد کی مہارتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا۔

مقابلے میں شرکا کو کم سے کم وقت میں مقررہ پیمائش کے مطابق قبر تیار کرنا تھی۔ فاتح ٹیم میں رابرٹ نیگی اور لاسزلو کس شامل تھے، جنہوں نے ایک گھنٹے 21 منٹ میں قبر کی کھدائی مکمل کی۔

فاتحین کے مطابق اس مقابلے میں قبر کی خوبصورتی سے زیادہ رفتار اور درست پیمائش کو اہمیت دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی تدفین کے لیے قبر تیار کرتے وقت گہرائی اور دیگر پیمائشوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

فاتح ٹیم کی تیار کردہ قبر تقریباً 1.6 میٹر گہری، 2 میٹر لمبی اور 0.8 میٹر چوڑی تھی۔ مقابلہ جیتنے والی ٹیم کو 640 امریکی ڈالر کا انعام دیا گیا۔