مکہ اور مدینہ پر مبینہ حوثی حملے، او آئی سی کی شدید مذمت

مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اسلامی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کے منافی ہے۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے مکہ اور مدینہ ریجن پر حوثیوں کے مبینہ حملوں اور سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ مبینہ حملوں کے باعث شہریوں میں خوف و تشویش پیدا ہوئی، جبکہ مقدس مقامات اور مساجد کے تقدس کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اسلامی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کے منافی ہے۔

او آئی سی نے مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کی روک تھام اور ان کے ذمہ دار عناصر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔

تنظیم نے سعودی عرب کی سلامتی اور مقدس مقامات کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔