سان فرانسسکو میں غصہ نکالنے کی انوکھی تقریب، شہریوں نے چیخیں ماریں

مقابلے میں اولیویا گوگلیموٹو نے کامیابی حاصل کی، جن کی چیخ کی شدت 121.9 ڈیسی بیل ریکارڈ کی گئی۔ یہ عالمی ریکارڈ 129 ڈیسی بیل سے کچھ کم تھی۔

September 16, 2026 · بام دنیا
سان فرانسسکو میں غصہ نکالنے کی انوکھی تقریب، شہریوں نے چیخیں ماریں

سان فرانسسکو میں غصہ نکالنے کی انوکھی تقریب، شہریوں نے چیخیں ماریں

امریکی شہر سان فرانسسکو میں لوگوں نے روزمرہ زندگی کے دباؤ اور غصے کا اظہار کرنے کے لیے ایک منفرد تقریب میں اجتماعی طور پر زور زور سے چیخیں ماریں۔

مقامی رہائشی ڈینیئل ایگن نے اوشن بیچ کے قریب ’گٹرل اسکریم ایٹ دی سی‘ کے نام سے یہ انوکھا ایونٹ منعقد کیا۔

ڈینیئل ایگن کے مطابق انہیں خود بھی ایک زوردار چیخ نکالنے کی ضرورت محسوس ہورہی تھی، جس کے بعد انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ دوسرے لوگوں کو بھی اس سرگرمی میں شامل کیا جائے۔

تقریب کے منتظمین کی جانب سے جاری تشہیری مواد میں بڑھتے ہوئے کرائے، مصنوعی ذہانت سے متعلق جھنجھلاہٹ، غصہ اور صرف چیخنے کے بعد بہتر محسوس کرنے کو اس سرگرمی میں شرکت کی وجوہات میں شامل کیا گیا تھا۔

اجتماعی چیخ سے قبل شرکا کے درمیان باقاعدہ چیخنے کا مقابلہ بھی ہوا۔ مقابلے میں شرکا کو آواز کی بلندی، دورانیے اور چیخنے کے انداز کی بنیاد پر پرکھا گیا۔

مقابلے میں اولیویا گوگلیموٹو نے کامیابی حاصل کی، جن کی چیخ کی شدت 121.9 ڈیسی بیل ریکارڈ کی گئی۔ یہ عالمی ریکارڈ 129 ڈیسی بیل سے کچھ کم تھی۔

فاتح خاتون کو انعام میں ایک چھوٹا میگا فون دیا گیا۔ اولیویا گوگلیموٹو کا کہنا تھا کہ ان کی چیخ کسی ایک مسئلے یا واقعے کے لیے نہیں بلکہ ’’پوری دنیا‘‘ کے لیے تھی۔