نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد کشمیر کی صدارت کیلئے نامزد کردیا
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیر صحت سمیت دیگر اہم حکومتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کی صدارت کیلئے ڈاکٹر نجیب نقی کا نام سامنے آگیا
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو آزاد ریاست جموں و کشمیر کے صدر کے منصب کے لیے نامزد کردیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جماعت اور اس کی قیادت کی جانب سے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدارتی منصب کے لیے نامزدگی پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق ضلع سدھنوتی سے ہے اور وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیر صحت، وزیر خزانہ اور منصوبہ بندی سے متعلق ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں جبکہ متعدد مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر 2026 کو ہوگی۔ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار مقررہ وقت کے دوران کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جبکہ صدارتی انتخاب قانون ساز اسمبلی میں ہوگا۔