سوڈان میں سونے کی کان منہدم، کم از کم 60 افراد ہلاک

واقع قصبے النہود میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان کا ایک حصہ اچانک بیٹھ گیا اور اس کے ملبے تلے متعدد کان کن دب گئے۔

September 16, 2026 · بام دنیا
سوڈان میں سونے کی کان منہدم، کم از کم 60 افراد ہلاک

سوڈان میں سونے کی کان منہدم، کم از کم 60 افراد ہلاک

سوڈان میں سونے کی ایک کان اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے تاحال لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ 14 ستمبر کو سوڈان کے مغربی کردفان کے علاقے میں واقع قصبے النہود میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان کا ایک حصہ اچانک بیٹھ گیا اور اس کے ملبے تلے متعدد کان کن دب گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امدادی ٹیموں نے حادثے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اب تک کم از کم 60 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

حادثے سے بچ جانے والے دو افراد کے مطابق کان میں حادثے کے وقت بڑی تعداد میں افراد موجود تھے اور اب بھی کئی افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔

سوڈان افریقا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں سونے کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور بڑی مقدار میں سونا نکالا جاتا ہے، تاہم ملک میں کان کنی کے کئی مقامات پر حفاظتی انتظامات ناکافی ہونے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سوڈان میں سونے کی کان کنی کا ایک بڑا حصہ غیر رسمی اور خطرناک طریقوں سے کیا جاتا ہے، جس کے باعث کان کنوں کو حادثات کا مسلسل خطرہ رہتا ہے۔

حکام کے مطابق موجودہ حادثے میں بھی حفاظتی اقدامات کی کمی کو جانی نقصان میں اضافے کی ایک اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سوڈان میں سونے کی کانوں سے حاصل ہونے والی پیداوار کا ایک بڑا حصہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث ملک کو معاشی نقصان کا سامنا ہے۔

امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔