کراچی کے ساحل پر بدبو کی اصل وجہ کیا ہے؟ ماہرین نے وجہ بتا دی

ساحلی پٹی پر تعفن، سمندری پودوں کی تباہی، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

September 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی کے ساحلی علاقوں میں پھیلنے والی شدید بدبو اور تعفن کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔ ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر پاکستان (ڈبلیو ڈبلیو ایف پی) کے تکنیکی مشیر معظم خان کے جاری کردہ بیان کے مطابق ساحل پر محسوس ہونے والی یہ بدبو سمندری پودوں بالخصوص فائٹو پلانکٹن کے گلنے سڑنے کی وجہ سے ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندر کے درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث بڑی تعداد میں یہ سمندری پودے مر کر ساحل پر آ جاتے ہیں، جس سے یہ صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مون سون کا اختتام اور ہواؤں کی رفتار میں کمی عام طور پر سمندری نباتیاتی نظام کو متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں ساحلی پٹی پر یہ تعفن پھیلتا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق بحیرہ عرب پر موجود کم دباؤ کا سسٹم مزید کمزور ہو گیا ہے اور آج شام سے شہر میں سمندری ہواؤں کی بحالی متوقع ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی اور بالائی حصوں میں سردی کا موسم طویل ہو سکتا ہے، جبکہ ملک بھر میں اس بار سرمائی بارشیں معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔