ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے تیار ہیں،چینی وزیر خارجہ
ملاقات میں خطے کی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے تیار ہیں،چینی وزیر خارجہ
بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عباس عراقچی ان دنوں چین کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بی بی سی فارسی کے مطابق وانگ یی نے ملاقات کے دوران کہا کہ چین ایران کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے اور ایران کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
چینی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین خطے میں کشیدگی کے مزید پھیلاؤ کے حق میں نہیں اور وہ نہیں چاہتا کہ موجودہ صورتحال یمن اور بحیرہ احمر تک پھیل جائے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تشویش پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ کے آئندہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ایسے میں عباس عراقچی کا چین کا دورہ اور چینی قیادت سے ان کی ملاقات خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے۔
اس دوران چین نے امریکی ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی ان رپورٹس کی تردید بھی کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چینی اداروں نے ایران کو اردن میں امریکی فوجیوں کی موجودگی والے ایک فوجی اڈے کی سیٹلائٹ تصاویر فراہم کی تھیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مذکورہ معلومات مبینہ حملے کے تناظر میں استعمال ہوئیں، تاہم چین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
چینی اور ایرانی حکام کی حالیہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔