جڑانوالہ میں گھریلو جھگڑا، خاتون نے شوہر کو قتل اور 3 بیٹیوں کو زخمی کردیا
ملزمہ گلشن نے مبینہ طور پر اپنے شوہر خالد پر اس وقت چھری سے حملہ کیا جب وہ سو رہے تھے۔
جڑانوالہ میں گھریلو جھگڑا، خاتون نے شوہر کو قتل اور 3 بیٹیوں کو زخمی کردیا
جڑانوالہ: پنجاب کے ضلع جڑانوالہ میں گھریلو تنازع کے دوران ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو چھری کے وار کرکے قتل جبکہ تین بیٹیوں کو شدید زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی جڑانوالہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزمہ گلشن نے مبینہ طور پر اپنے شوہر خالد پر اس وقت چھری سے حملہ کیا جب وہ سو رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں خالد شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر اپنی تین بیٹیوں، 11 سالہ عنیقہ، 8 سالہ عنایہ اور 4 سالہ عائزہ کو بھی چھری کے وار سے زخمی کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی بچیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سٹی مظفر نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ گلشن کو مبینہ آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔