مکہ پر حملے کی کوشش ناقابل قبول،اسحاق ڈار اور احسن اقبال کی مذمت
مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش، پاکستان کا سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی
فائل فوٹو
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے مکہ مکرمہ میں حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہیں، ڈرون حملہ سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ مکہ مکرمہ پر ڈرون حملہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے،حوثیوں کا مکہ پر ڈرون حملہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مکہ مکرمہ جیسے مقدس شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے، اس کی حرمت اور زائرین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ مکہ پر حملے کی کوشش پوری امتِ مسلمہ کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین الشریفین کے تحفظ کے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی اور تشدد کا راستہ ترک کیا جائے۔ پاکستان سعودی عرب اور مقدس مقامات کے تحفظ میں کسی طور پیچھے نہیں رہے گا۔ خطہ پہلے ہی خطرات کی زد میں ہے، مسلم ممالک کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔