لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بارش،ڈرائیورز کیلئے اہم ہدایات جاری

خراب موسم میں گاڑی کی ہیڈ لائٹس لازمی روشن رکھی جائیں جبکہ اوور ٹیکنگ سے بھی حتی الامکان گریز کیا جائے تاکہ حادثات کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔موٹروے پولیس

September 17, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ موٹروے ایم ٹو اور ایم تھری پر بھی موسم ابرآلود ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق بارش کے باعث سڑک پر سفر کے دوران ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، اس لیے گاڑیوں کی رفتار کم رکھی جائے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دورانِ سفر گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق خراب موسم میں گاڑی کی ہیڈ لائٹس لازمی روشن رکھی جائیں جبکہ اوور ٹیکنگ سے بھی حتی الامکان گریز کیا جائے تاکہ حادثات کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش اور خراب موسمی صورتحال کے دوران موٹروے پر سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور محفوظ سفر کو ترجیح دیں۔