ہونہار طلبہ کو میرٹ پر تعلیم دینا ترجیح ہے، وزیراعظم
دانش یونیورسٹی ملک کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ہونہار طلبہ کو میرٹ پر تعلیم دینا ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ملک کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ملک بھر سے طلبہ کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ جدید تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی سہولیات کے ذریعے اسے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نمایاں ادارہ بنانے کا منصوبہ ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی مختلف آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اور بہترین فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے
بریفنگ کے مطابق ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال کے طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ منتخب طلبہ کو پانچ ماہ تک مکمل طور پر مفت آن لائن کلاسز فراہم کی جائیں گی۔
حکام نے بتایا کہ ورچوئل اسکول کے لیے داخلہ ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے کیا جائے گا۔
یونیورسٹی کے ابتدائی تعلیمی پروگراموں میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی علوم شامل ہوں گے۔ طلبہ کو یونیورسٹی کی باقاعدہ تعلیم کے لیے تیار کرنے کی غرض سے برج پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا، جو 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔