بالاکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بہنیں جاں بحق
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکالا اور انہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا۔
بالاکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بہنیں جاں بحق
مانسہرہ: تحصیل بالاکوٹ کی یونین کونسل مہانڈری، وادی منور کے علاقے کوٹکے سیریاں میں آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں دو کمسن بہنیں جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں شدید موسمی صورتحال کے دوران آسمانی بجلی ایک مکان کے قریب گری، جس کے نتیجے میں 17 سالہ سلمہ اور اس کی 10 سالہ بہن سدرہ جاں بحق ہوگئیں۔ دونوں بہنیں عبدالشکور کی بیٹیاں تھیں۔
آسمانی بجلی گرنے کے واقعے میں علیمہ بی بی، منظور ولد فرزمان اور مہناز زوجہ منظور بھی زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ضروری علاج فراہم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے قریب واقع ایک دوسرے مکان کو بھی نقصان پہنچا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا قائم ہوگئی۔ مقامی افراد نے متعلقہ اداروں سے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔