اے این ایف کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
تینوں کارروائیوں کے حوالے سے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اے این ایف کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
ملک کے مختلف شہروں میں انسدادِ منشیات فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مجموعی طور پر 78 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقریباً 29 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر تین کارروائیوں کے دوران 29.001 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔
پشاور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 971 گرام آئس برآمد ہوئی، جس کے بعد مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
دوسری کارروائی اسلام آباد ایئرپورٹ پر کی گئی، جہاں جدہ روانہ ہونے والے مسافر کے سامان میں موجود کپڑوں سے 27.730 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تیسری کارروائی ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر میں ایک کورئیر دفتر پر کی گئی۔ حکام کے مطابق پارسل کی تلاشی کے دوران دودھ کے پیکٹ سے 300 گرام آئس برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے مطابق تینوں کارروائیوں کے حوالے سے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔