پی آئی اے پرواز میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر اس وقت پیش آیا جب کراچی سے آنے والا طیارہ پارک کیا جا رہا تھا

September 17, 2026 · قومی
پی آئی اے پرواز میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

پی آئی اے پرواز میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں دوران پارکنگ ایک انجن میں آگ لگنے کے شبہے کے بعد مسافروں کو طیارے سے ہنگامی طور پر باہر نکال لیا گیا، تاہم پی آئی اے نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کردی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر اس وقت پیش آیا جب کراچی سے آنے والا طیارہ پارک کیا جا رہا تھا۔ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر پائلٹ نے حفاظتی طریقہ کار کے تحت مسافروں کے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو طیارے سے نکالنے کے لیے ہنگامی راستوں پر نصب سلائیڈز کھولی گئیں اور انہیں بحفاظت باہر منتقل کردیا گیا۔ اس دوران چند مسافروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آنے کی اطلاعات ہیں، جنہیں طبی معائنے کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی جدہ ایئرپورٹ کے فائر فائٹنگ شعبے کے اہلکار بھی فائر بریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے قریب پہنچ گئے۔ پی آئی اے کے جدہ حکام نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور سکیورٹی حکام کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پرواز نے جدہ ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی تھی اور طیارہ جیٹی پر موجود تھا۔ ترجمان کے مطابق گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا، جس پر پائلٹ نے مقررہ حفاظتی طریقہ کار کے تحت مسافروں کو طیارے سے باہر نکالا۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق کچھ مسافر جیٹی کے راستے طیارے سے باہر آئے جبکہ دیگر کو ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ انخلا کے عمل کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد آگ لگنے کا شبہ درست ثابت نہیں ہوا۔ تاہم واقعے کے باعث متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور روانگی میں 20 سے 22 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

پی آئی اے کے مطابق جدہ سے لاہور جانے والی پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر مسافر اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔