بشریٰ بی بی کی جلد سماعت کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع

بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی بیماری دوبارہ لاحق ہوگئی ہے جبکہ جیل میں علاج کی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔درخواست میں مؤقف

September 17, 2026 · قومی
بشریٰ بی بی کی جلد سماعت کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع

بشریٰ بی بی کی جلد سماعت کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع

بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپنی سزا معطلی کی اپیل کی جلد سماعت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی بیماری دوبارہ لاحق ہوگئی ہے جبکہ جیل میں علاج کی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ درخواست کے مطابق علاج میں مزید تاخیر سے ان کی باقی ماندہ بینائی اور مجموعی صحت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی اپیل تاحال سماعت کے لیے مقرر ہونے کی منتظر ہے اور مسلسل قید بھی بشریٰ بی بی کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی اہمیت اور صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر اپیل کو 21 ستمبر 2026 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مقدمے میں طویل اور غیر واضح تاخیر کے باعث بشریٰ بی بی کو پہلے ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس لیے انصاف کے تقاضوں کے تحت سزا معطلی کی اپیل پر جلد سماعت کی جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت میں بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سات سالہ سزا معطل کرنے کی اپیل پہلے ہی دائر کی جاچکی ہے۔