لاہور میں فضائی راستے عارضی طور پر بند، نوٹم جاری
یہ راستے 17 اور 18 ستمبر کو صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 7 بجے تک بند رکھے جائیں گے
لاہور میں فضائی راستے عارضی طور پر بند، نوٹم جاری
لاہور: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے آپریشنل وجوہات کی بنا پر لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں بعض فضائی راستے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق لاہور کے فضائی خطے میں پانچ فضائی راستے عارضی طور پر بند رہیں گے۔ متاثرہ راستوں میں جھنگ سے ساجن اور ریگٹ سے ڈی آئی خان کے فضائی راستے بھی شامل ہیں۔
نوٹم کے مطابق یہ راستے 17 اور 18 ستمبر کو صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 7 بجے تک بند رکھے جائیں گے۔ اس دوران زمین سے غیر معینہ بلندی تک ان راستوں پر تمام پروازوں کی آمدورفت دستیاب نہیں ہوگی۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فضائی راستوں کی بندش کے باوجود مسافروں اور فضائی کمپنیوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے، جنہیں دونوں سمتوں میں پروازوں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
حکام نے بتایا کہ ڈی آئی خان سے آنے اور وہاں جانے والی پروازوں کو فضائی ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرنا لازمی ہوگا تاکہ پروازوں کی آمدورفت کو محفوظ انداز میں جاری رکھا جاسکے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق فضائی راستوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ مکمل طور پر آپریشنل ضروریات کے تحت کیا گیا ہے۔